نیک بیوی الله کی نعمتوں میں سے بہت بڑی نعمت ہے اور اسکی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے کہ اس نے تم میں سے ہی تمھاری ہی جنس کی بیویاں پیدا کیں اور تمھارے درمیان محبت اور ہمدردی قائم کی تاکہ تم راحت پاؤ۔
حدیث رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے:
"دنیا کا بہترین سامان نیک بیوی ہے"
نیک بیوی اپنے شوہر کو دینی و دنیاوی دونوں لحاظ سے سکون پہنچانے کا ذریعہ ہوتی ہے۔
نیک بیوی اپنے شوہر کو نیکیوں کی طرف راغب کرتی ہے اور اسکی دنیا و آخرت سنوارنے کا سامان کرتی ہے
اگر بیوی نیک ہو تو شوہر کے نفس کو حرام کاری سے محفوظ بناتی ہے۔
ایک اور حدیث میں ہے:
"دنیا فائدہ اٹھانے کی چیز ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ فائدہ دینے والی چیز نیک بیوی ہے"
نیک بیوی کی صفات:
پہلی صفت:
نیک بیوی کی پہلی صفت یہ ہے کہ جب اس کا شوہر اسے دیکھے تو خوش ہو جائے ۔
اب خوش ہونے میں بھی دو پہلو ہیں
پہلا یہ کہ بیوی اپنے شوہر کے لیے بناؤ سنگھار کرے سج سنور کر رہے صفائی کو اپنائے اور گندگی سے اجتناب برتے۔
اور دوسرا پہلو یہ کہ شوہر کو مزاج کے لحاظ سے خوش کرنے والی ہو
اسے ذہنی سکون دینے والی ہو نہ کہ اذیت پہنچانے والی ہو۔
دوسری صفت:
نیک بیوی کی دوسری خوبی یہ ہے کہ شوہر کی اطاعت کرنے والی ہو
شوہر جو حکم دے اسے فوراً بجا لائے
اور بلا کسی چوں چرا کے اسکی اطاعت گزار بن جائے ۔
ہاں اگر شوہر اللہ کے احکامات یا فرائض سے روکے تو شوہر کی اطاعت واجب نہیں
ایسے میں اللہ کی اطاعت شوہر کی اطاعت پر مقدم ہوگی۔
تیسری صفت:
تیسری صفت یہ ہے کہ وہ اپنے شوہر کے مال کی حفاظت کرے اور اسکے پیچھے اپنے نفس کی حفاظت کرے بیوی چونکہ شوہر کی
امانت ہے تو اس میں کسی قسم کی خیانت نہ کرے۔
نیک بیوی کا مقام:
نیک بیوی کے لیے اللہ کے ہاں بہت بلند مقام ہے
حدیث پاک میں ہے جو عورت اپنے شوہر کی تابعدار ہو تو پرندے اسکے لیے ہوا میں استغفار کرتے ہیں اور مچھلیاں دریا میں استغفار کرتی ہیں اور فرشتے آسمان میں استغفار کرتے ہیں اور درندے جنگلوں میں استغفار کرتے ہیں۔
نیک بیوی کا اس سے بڑھ کر اور مقام کیا ہوگا کہ وہ جنت میں اپنے شوہر کو عطا کی جانیوالی حوروں کی سردار ہوگی ۔
0 تبصرے